آپریشن سے متاثرہ مکانوں کے معاوضوں کی عدم ادائیگیوں کے خلاف محسود قوم کا ٹانک میں دھرنا
ٹانک ۔آپریشن سے متاثرہ مکانوں کے معاوضہ کی عدم ادائیگی اور بے قاعدگیوں کے خلاف یو محسود قبائل کا ہزاروں افراد پر مشتمل قبائلی جرگہ نے ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان کمپاؤنڈکے سامنے احتجاجی دھر نا شروع کر دیاتفصیلات کے مطابق بدھ کے روز محسود قبائل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کمپاؤنڈ کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج دھرنا شروع کر دیا ہے جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں، انتظامی اضلاع ٹانک،ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقوں سے قافلوں کی شکل میں آئے ہوئے افراد نے احتجاجی دھرنا میں شریک ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے احتجاجی مظاہرین کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی اس موقع پر مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
احتجاجی مظاہرہ سے ممبر صوبائی اسمبلی مولانا اعصام الدین ، ندیم عوام دوست،شیر پاؤ ایڈوکیٹ،شاہ فیصل غازی،شمس محسود، رحمت شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسود قبائل نے ملک اور قوم کی خاطر قربانی دیتے ہوئے اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کی اور پندرہ سالوں تک مہاجرین جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے گزشتہ آپریشنوں کے دوران محسود قبائل کے کاروباری مراکزاور مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ محسود قبائل نے حکومت کے کہنے پر واپس اپنے اپنے علاقوں میں جا کر دوبارہ آباد کاری شروع کی تو تو آپریشنوں سے ملبے کا ڈھیر بننے والے مکانوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے حکومتی ایماء پر سروے کے نام سے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔جو کہ بد عنوانی میں ملوث ہوگیے ہیں مقررین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کا رویہ انتہائی توہین آمیز رویہ ہے۔ بیوروکریسی کے کلیجے ٹھنڈے نہیں ہوئے اور مختلف حربے استعمال میں لاکر ملک و قوم کی خاطر نقل مکانی کرنے والے محسود قبائل کو ہاتھوں میں سروے کے ٹوکن تھما کر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کر دیا تمام قانونی تقاضے پورا کرنے کے باوجود بھی ان کو مکانات کے معاوضوں سے محروم رکھا جا رہا ہے محسود قبائل نے اپنے حقوق کی خاطر کئی مرتبہ احتجاج کیا جبکہ ہر بار ضلعی انتظامیہ نے ہمارے ساتھ وعدے وعیدیں اور تحریری معاہدے کئے لیکن تاحال ان وعدوں کو عملی جامعہ نہیں پہنایا گیا، مقررین نے کہا کہ محسود قبائل کو اب حکومتی وعدوں پر اعتبار نہیں رہا ہے جب تک آخری متاثرہ افراد کو معاوضہ کے چیک نہیں دیا جاتا ہے اس وقت تک احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری رہیگا