مولانا فضل الرحمان نے منحرف 4 رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا
منحرف رہنماؤں میں مولانا محمد خان شیرانی،حافظ حسین احمد،مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک شامل ہیں
جرگہ نیوز آن لائن ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی،حافظ حسین احمد،مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا محمد خان شیرانی،حافظ حسین احمد،مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق کمیٹی نے چاروں رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر رکنیت ختم کر کے پارٹی سے نکال دیا یے،جب کہ ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی کی ہدایت پر پارٹی جلد بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کریں گی۔چاروں رہنماؤں کے ساتھ جو پارٹی رہنما پارٹی نظم سے متعلق پروگراموں میں شرکت کرے گا،ان کی رکنیت بھی ختم کر دی جائے گی۔
اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں اس حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی،نہ ہی ہمیں کوئی شوکاز نوٹس ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں وضاحت کردوں کہ ہم جمیعت علماء اسلام ف کے نہیں بلکہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رکن تھے اور رہیں گے۔میری رکنیت 1973 سے ہے۔جب جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا مفتی محمود نے اپنے قلم سے مجھے رکن بنایا۔
مولانا شیرانی سمیت دیگر رہنما بھی مولانا فضل الرحمن سے پہلے کے ہیں۔انہوں نے والد کے انتقال کے بعد جمیعت علماء اسلام کے ساتھ ’ف ‘ لگا دیا۔جس منشور کے تحت پارٹی بنی تھی، اس منشور کے تحت پارٹی کو چلایا جائے۔پارٹی میں موروثیت ہے، مولانا موروثیت سے پارٹی چلانا چاہتے ہیں۔جے یو آئی پاکستان کے پلیٹ فارم سے اپنی آواز بلند کریں گے۔